بنگلورو۔25جون(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے آبی وسائل ایم بی پاٹل نے ملاپربھا کینال کی تعمیر میں بدعنوانیوں کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔اس کینال کی تعمیر کے سلسلے میں دوبارہ ٹنڈر طلب کئے جانے کے متعلق اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر کے الزام پر مسٹر ایم بی پاٹل نے کہاکہ اس پراجکٹ کیلئے از سر نو ٹنڈر طلب کرنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا ،کیونکہ جو ٹنڈر پہلے طلب کیا گیاتھا اسے مسترد نہیں کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کے ایک ذمہ دار عہدہ پر ہوتے ہوئے مسٹر شٹر کو ایسے جھوٹے الزامات لگانا زیب نہیں دیتا۔ ملا پربھا کینال کی جدید کاری کے سلسلے میں ٹنڈر مسترد کرنے کے معاملے پر انہوں نے اسمبلی میں بھی واضح کیا تھا۔ دوبارہ مسٹرشٹر چاہتے ہیں تو اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھائیں ، حکومت اس کا جواب دینے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کینال کی جدید کاری کیلئے اب تک جو بھی پہل کی گئی ہے وہ قانون کے دائرے میں ہوئی ہے۔ کرناٹکا آبپاشی کارپوریشن کی حدود میں یہ کینال اور اس کی شاخیں تیار کرنے کا کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں شٹر کے اعتراضات کو انہوں نے بعید از حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پراجکٹ کے سلسلے میں ابھی تفصیلی رپورٹ بھی مکمل نہیں ہوپائی ہے۔ ایسے میں ری ٹنڈرنگ کا سوال کہاں سے پیدا ہوتا ہے۔ مہادائی اور کلسا بنڈوری پراجکٹ کے معاملے میں اس علاقہ کے لوگوں کو انصاف دلانے میں بی جے پی کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہاکہ مرکز میں بی جے پی حکومت ہونے کے باوجود متعلقہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو طلب کرکے ان سے بات چیت کرنے کیلئے مرکز پر ریاست کے نمائندے دبائو ڈاالنے میں ناکام رہے ہیں۔ ایم بی پاٹل نے کہاکہ ملا پربھا کے سلسلے میں جو بھی الزامات عائد کئے ہیں ان پر مشتمل تمام دستاویزات انہوں نے مسٹر شٹر کے دفتر کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے پہلے شٹر وزیراعلیٰ ، وزیر دیہی ترقیات اور پیشہ ور وکیل رہ چکے ہیں۔ انہیں یہ سمجھ لینا چاہئے کہ ری ٹنڈر کی کارروائی کن حالات میں ہوتی ہے۔ اسے سمجھے بغیر انہوں نے جس طرح کے غیر ذمہ دارانہ الزامات لگائے ہیں وہ درست نہیں۔